نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی، یہ اب سیاسی گند ہیں: وزیر داخلہ شیخ رشید  

02:24 PM, 6 Oct, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مسلم لیگ (ن) کی سیاست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا، اداروں پر جتنی مرضی تنقید کر لیں، یہی ملک کے ضامن ہیں، بھتیجی نہیں چاہتی کہ چچا کا راستہ بنے، ''ن'' سے ''ش'' نکلے گی ان کا کچھ نہیں بنے گا۔ نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، یہ اب سیاسی گند ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں ویزا ہولڈر لوگ اس ملک میں لاپتا ہے۔ ایسے لوگ آن لائن ویزا کی اگلے ماہ کی 30 تاریخ تک درخواست دیں۔ افغانستان کیلئے بھی آن لائن ویزا شروع کرنے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے سیاسی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ میں نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، انھیں روز جھوٹی ویکسین لگ رہی ہے، وہ واپس نہیں آئیں گے، سیاسی گند کریں گے جس کی چھینٹیں ان پر ہی پڑیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) صرف کمپنی کی مشہوری کیلئے اداروں کو بدنام کر رہی ہے، اگر نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں کاغذات جاری کر سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی اہم شخصیتیں آنے والی ہیں، ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، ہماری جانب سے افغانستان کی اخلاقی مدد جاری ہے۔ افغانستان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ وزیراعظم دنیا کے ساتھ مل کر کریں گے۔ مزاحمت کے نہیں، مفاہمت کے داعی ہیں، پاکستان کی سلامتی سب سے پہلے عزیز ہے۔ قدرتی طور پر خطے میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے۔ طالبان کو دنیا مختلف شکل میں دیکھ رہی تھی، وہ الگ شکل میں سامنے آئے۔

مزیدخبریں