اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکہ کی ایک رپورٹ میں سی پیک منصوبے کے حوالے سے غلط خبر پھیلائی گئی، دنیا کی بہت سی طاقتیں چاہتی ہیں کہ یہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار نہ ہو۔
معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری منصوبے ’سی پیک پر دنیا کی نظر رہتی ہے اور دنیا کی بہت سی طاقتیں اسے کامیاب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں، امریکہ کی ایک رپورٹ میں سی پیک کے حوالے سے غلط خبر پھیلاتے ہوئے کہا گیا کہ اس منصوبے کے حوالے سے معلومات خفیہ رکھی گئی ہیں حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے سب معلومات پارلیمان کے فورم پر دی جا چکی ہے جبکہ پارلیمانی اوور سائٹ بھی موجود ہے، اس کے علاوہ بجلی بنانے سے متعلق منصوبوں کی تمام معلومات نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ دنیا کی بہت سی طاقتیں سی پیک کی کامیابی نہیں چاہتیں، اس لئے ہائبرڈ وار کے ذریعے ایسے منصوبوں کے خلاف سازشیں کی جاتی ہیں اور اس مقصد کیلئے غلط معلومات پھیلانے کی کوشش بھی ہوتی ہے، جبکہ بعض اوقات ہمارے اپنے لوگ بھی اس سازش کا حصہ بن جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ امریکی رپورٹ میں سی پیک قرض کو خفیہ قرض کہا گیا حالانکہ حکومت کی جانب سے قرضوں کیلئے ساورن گارنٹی دی گئی، سی پیک پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سمیت دونوں ایوانوں کی الگ الگ کمیٹیاں ہیں جنہیں توانائی کے منصوبوں سمیت ہر منصوبے سے متعلق معلومات دی جاتی رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی رپورٹ میں کسی خفیہ قرضے کی بات کی گئی جو ہمارے علم میں نہیں، خود مختار گارنٹی حکومت دیتی ہے اور یہ کوئی خفیہ قرضہ نہیں، کئی منصوبے حکومت نجی شعبہ کے ذریعے خود مختار گارنٹی سے مکمل کرتی ہے، توانائی کے منصوبوں کیلئے قرض فراہم کیا گیا اور کچھ قرض حکومت کو دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی رپورٹ میں مہنگے قرضوں کی بات بھی کی گئی لیکن اوسط قرضوں پر شرح سود 4 فیصد ہے، کثیر الجہتی قرض اس میں زیادہ ہیں اور اوسط شرح سود 4.25 فیصد ہے، اس کے علاوہ حکومت کو دی گئی گرانٹ کی اوسط شرح سود 2 فیصد بنتی ہے، پاکستان کے سی پیک سے متعلق قرضے خطرناک حد تک نہیں ہیں۔