اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے امیر ترین شخص اور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے افغان عوام کی مدد کرنے کی اپیل کر دی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ آج ہوا جس میں انہوں نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے کہا کہ افغانستان کو مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ وہاں کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ پاکستان میں رواں سال پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔ بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم کی تعریف کی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ افغانستان، پاکستان کے ساتھ دنیا کا دوسرا ملک ہے جو پولیو کا شکار ہے۔ مائیکروسافٹ کے بانی نے پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔