پاکستانی سرزمین پر نہ کھیلنا گوروں کا تکبر تھا، مائیکل ہولڈنگ کی انگلش کرکٹ بورڈ پر تنقید  

Michael Holding critical of ECB decision not to go ahead with Pakistan tour
کیپشن: فائل فوٹو

جمیکا: سابق ویسٹ انڈین باؤلر مائیکل ہولڈنگ نے برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے کی وجہ مغربی تکبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انگلش بورڈ کا بیان درست نہیں لگتا، پاکستان نہ جانے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

مائیکل ہولنڈنگ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے عالمی وبا کورونا وائرس کے انتہائی پھیلائو کے دوران برطانیہ کا دورہ کیا، اس وقت تو ویکسین تک ایجاد نہیں ہوئی تھی، پاکستانیوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انگلش کھلاڑیوں کیساتھ کھیل پیش کیا، ان کا مان رکھا لیکن اس کے جواب میں برطانوی حکام نے تکبر کا مظاہرہ کیا۔ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ برطانیہ بھارت کیساتھ کبھی ایسی حرکت نہ کرتا کیونکہ وہ امیر ملک ہے۔

مائیکل ہولڈنگ نے پاکستان کے حق میں یہ بیان کرکٹ رائٹرز کلب پیٹر سمتھ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ انہوں نے جو کچھ کیا، وہ سراسر غلط تھا، اس لئے کوئی بھی اس کا دفاع کرنے میڈیا کے سامنے نہیں آنا چاہتا۔

ویسٹ انڈین لیجنڈ کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے پاکستان کیساتھ نہ کھیلنے کا صرف ایک بیان جاری کیا اور پھر میڈیا سے چھپ کر بیٹھ گئے، مجھے تو اس حرکت سے ''بلیک لائیوز میٹر'' کے وقت کی فضول چیزیں یاد آ رہی ہیں۔ میں ان باتوں کو دہرانا نہیں چاہتا لیکن یہاں بھی معاملہ مغربی تکبر والا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وہی کروں گا جو میں کرنا چاہتا ہوں، جیسا میرے ساتھ کیا جائے گا، میں وہی سلوک ایسا کرنے والوں سے کروں گا، لوگ میرے اس بیان پر کیا سوچیں گے، مجھے اس سے قطعی کوئی فرق نہیں پڑتا۔

خیال رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان شیڈول تھا لیکن بہانہ بنا کر اسے منسوخ کر دیا گیا تھا، اس سے تین دن قبل کیوی بورڈ نے بھی ایسی ہی حرکت کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنایا تھا، جس سے شائقین کرکٹ کے دل ٹوٹ گئے تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 18 سال بعد پاکستان آنا تھا لیکن وہ نہیں آئی۔