لاہور: پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے درخواست کی ہے کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف غلط خبریں مت پھیلائیں۔
عمر اکمل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے حوالے سے زیر گردش خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے درخواست ہے کہ میرے بارے میں غلط خبریں مت پھیلائیں۔
خیال رہے کہ عمر اکمل چند روز قبل امریکا روانہ ہو گئے تھے جہاں وہ مقامی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمر اکمل پاکستان چھوڑ کر مستقل طور پر امریکا چلے گئے ہیں اور وہ مزید کرکٹ امریکا میں ہی کھیلیں گے۔
اب عمر اکمل کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کن خبروں کو نہ پھیلانے کی بات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار بلے باز عمر اکمل نے امریکہ میں ناردرن کیلی فورنیا کرکٹ ایسوسی ایشن سے معاہدہ کیا ہے۔ عمر اکمل معاہدے کے بعد اپنے پہلے میچ کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمر اکمل نے اپنے پہلے میچ میں چار اوورز بھی کرائے لیکن اس میں بھی انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔