حکومت بغاوت کے مقدمے بنانے کی قائل نہیں ہے، سینیٹر فیصل جاوید

10:35 PM, 6 Oct, 2020

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے نیو نیوز کے پروگرام آج عائشہ احتشام کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت بغاوت کے مقدمے بنانے کی قائل نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کچھ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف بیرون ملک میں بیٹھ کر اداروں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں اور حکومت کسی طرح سے بھی اپوزیشن سے خوفزدہ نہیں ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پی ڈی ایم کو خوش آمدید کہے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر شخص کو احتجاج کا حق حاصل ہے اور مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر سے شوق پورا کر لیں حکومت ابھی بھی اپوزیشن کو کنٹینر دینے کے لئے تیار ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر ایف آئی آر درج ہو کیونکہ اس میں حکومت کی مرضی شامل نظر آتی ہے۔ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میاں نواز شریف نے اپنی تقریر میں ایسا کچھ نہیں کہا جس کی وجہ سے حکومت انتقام لینے پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے اپنی تقریر میں واضح طور پر کہا تھا کہ وہ سرحدوں پر لڑنے والے اور فوج کے افسران کو سلام پیش کرتے ہیں لیکن ان کا اختلاف ان چند لوگوں سے ہے جو آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے غداری کے فتوے دینے کا عمل بند ہونا چاہیئے اس طرح اپوزیشن کو دیوار سے نہیں لگایا جا سکتا۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں دو سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار فاروق حیدر، تین سابق جرنیلوں اور مسلم لیگ ن کے درجنون قائدین کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ تھانہ شاہدرہ میں شہری بدر رشید کی مدعیت میں یہ مقدمہ مجرمانہ سازش، بغاوت اور لوگوں کو بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ 

تھانہ شاہدرہ میں شہری بدر رشید کی مدعیت میں نواز شریف اور دیگر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 120، 120 بی، 121، 121 اے، 123 اے، 124 اے، 153 اے اور 505 اور برقی جرائم کی روک تھام کے قانون 2016 کی شق 10 تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ 

مزیدخبریں