چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف وفاقی کابینہ کا کریک ڈاؤن کا فیصلہ

07:56 PM, 6 Oct, 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چینی کی قیمیتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے درآمد شدہ 4 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم ملک میں پہنچ گئی ہے مزید 6 لاکھ 60 ہزار ٹن کا انتظام کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ٹی سی پی کی جانب سے چھ لاکھ تیس ہزار ٹن گندم کی درآمد کے انتظام مکمل کر لئے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی کی شرح، ریلوے اور پی آئی کی بحالی سمیت اہم قومی امور پرغور کیا گیا ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہو گی۔ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی جلد بحالی کی ہدایت دی ہے۔

پی آئی اے کے سالانہ منافع اور نقصان کی رپورٹ بھی وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2019 میں پی آئی اے نے 7 اعشاریہ 8 ارب روپے کا منافع کمایا۔ 2018 میں پی آئی اے کو 19 اعشاریہ 8 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال پی آئی اے کی کل آمدن میں 42 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 2018 میں میں پی آئی اے کا آپریٹنگ نقصان 32 ارب روپے تھا۔ 2019 میں پی آئی اے کا آپریشنل نقصان 7 اعشاریہ 7 فیصد رہا۔

کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری ایوی ایشن کو عارضی طور پر تفویض کرنے کی مدت میں اضافے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ عبدالخالق شیخ کو ایگزیکیٹو و ڈائریکٹر اسٹیٹ لائف انشورنس تعینات کرنے کی بھی منظوری دی ۔

اجلاس میں اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے لئے غیر سرکاری ممبران کی تعیناتی، نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ میں جاوید سالک ملک، منیر کمال، ڈاکٹر فیصل باری اور عارفہ صبوحی کو بطور ممبر شمولیت اور لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کی تشکیل کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے الیکٹرانک سرٹیفیکیشن اکریڈیٹیشن کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں ترمیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کو منظور کیا اور بین الاقوامی ٹیکس ٹریٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے ملٹی لیٹرل کنوینشن کی توثیق کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر غلام علی ملاح کو سیکرٹری انٹر بورڈ کمیٹی آف چئیرمین تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

مزیدخبریں