راولپنڈی : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے جلسے سے کرونا وائرس دوبارہ سے پھیلنے کا خدشہ ہے، عوام کو احتیاطی تدابیر ضرور اپنانی چاہئیں اور ماسک کا استعمال بھی ضرور کریں جبکہ جلسے کے جواب میں ہم بھی کچھ جلسے ضرور کریں گے، اپوزیشن اتحاد دیرپا نہیں ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے جبکہ مجھے ڈر ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے کرونا وائرس دوبارہ سے نہ پھیل جائے، عوام احتیاط کریں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز جب میرے حوالے سے خاموش ہیں تو میں بھی احتراماً کچھ نہیں بولوں گا،خواتین کا احترام میرے لئے اہم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔
31دسمبر2020 سے فروری2021 تک وقت دیا ہے، پیپلز پارٹی کبھی بھی (ن) لیگ کے ساتھ نہیں چلنا چاہتی جبکہ 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے جلسے میں نون لیگ اور دیگر جماعتیں جا رہی ہیں اور انہیں بھی معلوم ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کتنی بری چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ سے شین لیگ ضرور نکلے گی اور عقلمند لوگوں کو معلوم ہے کہ شین سے مراد شہباز شریف نہیں ہے۔