سشانت سنگھ کیس، ارباز خان نے بدنام کرنیوالوں پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا

04:46 PM, 6 Oct, 2020

ممبئی: بالی وڈ اداکار و پروڈیوسر اور سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے سشانت سنگھ کیس میں ملوث کیے جانے پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا۔

اداکار ارباز خان نے ممبئی کی سول کورٹ میں دائر مقدمے میں وبھور انند، ساکشی بھنڈاری اور نامعلوم افراد کو نامزد کیا ہے جو سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے میں ان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کر رہے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان کا کہنا ہے سشانت سنگھ کے کیس میں متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، فیس بُک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر ان کے اور ان کے اہل خانہ کا نام بدنام کیا جا رہا ہے۔

اداکار ارباز خان کے مقدمے کی جوابی کارروائی میں ممبئی سول کورٹ نے تمام نامزد ملزمان کے خلاف عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر ہتک آمیز پیغامات، پوسٹس اور ٹوئٹس کو فوری ہٹایا جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکار کی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے اور اسے نشے کا عادی بنایا جبکہ اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کر دیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو گیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیا تھا۔

ریا چکرورتی سشانت کے والدین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی آئیں ہیں اور وہ خود وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت کی موت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

مزیدخبریں