عمران خان کا محب وطن بدر رشید پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر چیئرمین نکلا، عظمیٰ بخاری

عمران خان کا محب وطن بدر رشید پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر چیئرمین نکلا، عظمیٰ بخاری

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) پنجاب عظمیٰ بخاری نے بغاوت کے مقدمے اور بدر رشید کی حقیقت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا محب وطن بدر رشیدعرف ہیرا پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر چیئرمین نکلا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بدر رشید نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر یو سی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑا اور وہ لیبر ونگ کا عہدیدار ہے۔ اس پر چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل سمیت 5 مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بدر رشید پر شاہدرہ تھانے میں چوری اور ڈکیتی کا مقدمہ بھی درج ہے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ بدر رشید کی چودھری سرور، شیخ رشید سمیت متعدد حکومتی افراد کے ساتھ تصاویر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چودھری سرور کے کہنے پر لیگی قیادت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں جو شقیں لگائی گئیں ہیں، وہ حکومت کی مرضی کے بغیر کوئی تھانیدار نہیں لگا سکتا۔

انہوں نے وزیراعظم کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب! اب بھاگنے سے کام نہیں چلے گا۔ یہ شقیں آپ کی مرضی سے لگائی گئی ہیں۔ فواد چودھری مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں کہ وزیراعظم کو اس مقدمے کا علم نہیں ہے۔ عمران صاحب! اگر ایگزیکٹو آرڈر اور اختیارات کا علم نہیں تو وزیراعظم کے منصب پر کیوں براجمان ہیں؟ آپ کو نواز شریف اور ان کے کارکنوں کیساتھ کئے ایک ایک ظلم اور زیادتی کا حساب دینا ہوگا۔