کورونا وائرس: خیبرپختونخوا کے اسکولز میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ

12:19 PM, 6 Oct, 2020

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے اسکولز میں کورونا پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر تمام اسکولز میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اسکولوں میں صبح اسمبلی کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا  کے اسکولوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔ہائی اسکول کی چھٹی ایک  بج کر 30 پر ہوگی، پرائمری اسکولز کے اوقات کار صبح 8 بج کر 30 منٹ سے لے کر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے انتظامیہ کو اسکولوں میں ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خیبر میڈیکل کالج پشاور کے گرلز ہاسٹل میں 4 طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہاسٹل بند کردیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق میڈیکل کالج کی طالبات کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جب کہ گرلز ہاسٹل کو 2 ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا۔

کے ٹی ایچ ترجمان نے مزید کہا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام طالب علموں کا اسکریننگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  کے تعلیمی اداروں میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

چند روز قبل اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آئے تھے، مذکورہ کالج میں 3 اساتذہ  کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

مزیدخبریں