اسلام آباد: نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے صوبائی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور سخت نگرانی کے ذریعے ٹماٹر، آلو، گندم اور چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پائیں۔
یہ ہدایات اسلام آباد میں منعقدہ کمیٹی کے ایک اجلاس میں دی گئی جس میں اشیائے ضروریہ خاص طور پر جلد خراب ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری فنانس نے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اشیائے ضروریہ کی تھوک اور پرچون کی قیمتوں میں فرق کم سے کم کیا جانا چاہئے جس سے مہنگائی بڑھتی ہے۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ بنیادی اشیائے صرف میں ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔
یہ اجلاس وزیراعظم کے دفتر کی ہدایات پر بلایا گیا تھا جس کا مقصد ٹماٹر، آلو، پیاز جیسی جلد خراب ہونے والی اشیاء کے ساتھ گندم، چینی اور مرغی جیسی دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی ردوبدل کا جائزہ لینا تھا۔