وزیراعلیٰ پنجاب کی اداروں کیخلاف مذموم مہم چلانے والے عناصر کی شدید مذمت

10:54 AM, 6 Oct, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری محمد یونس انصاری اور ایم پی اے چودھری اشرف علی انصاری نے ایک اور ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گوجرانوالہ شہر کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔

اس اہم ملاقات میں اداروں کے خلاف مذموم مہم چلانے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی باتیں کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم ایسے عناصر کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ 22 کروڑ عوام ایسے شر انگیز بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان میں ایسے بیانیے کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کا ہر سطح پر احترام کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو متنازعہ بنانا کسی بھی طور درست نہیں، وزارت اعلیٰ عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے۔ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں۔ منتخب نمائندوں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ گوجرانوالہ شہر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں