نیویارک :دنیا میں سب سے زیادہ اجرت دینے میں سویزرلینڈ کا شہر جنیوا بازی لے گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنیوا میں ورکرز کے لیے کم سے کم اجرت 25 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 30 ہزار سے زائد ورکرز کو فائدہ پہنچے گا، متعلقہ اداروں نے ورکرز کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے فی گھنٹہ اجرات کم سے کم پچیس ڈالر مقرر کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیلجی ملک عمان کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ شہریوں کے لیے کم سے کم اجرت تین سو پچیس ریال مقرر کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق عمان کے حکومتی حکام کا کہنا تھا کہ تںخواہوں کو تعلیمی قابلیت سے نہیں جوڑا جائے گا جو ملازمت کے متلاشیوں کے لئے مقرر کردہ تنخواہ ہے۔
اس سے قبل عمان میں تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے زیادہ اجرت مقرر کی جاتی تھی عمانی حکومت کا یہ قدم 2020 اور 2024 کے مالی توازن پروگرام منصوبے کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ عمان کی وزارت لیبر نے اپنے شہریوں کے لئے نجی اور سرکاری شعبے میں زیادہ سے زیادہ ملازمت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔
وزارت لیبر کے ایک حالیہ اقدام میں تارکین وطن ملازمین کی ذیلی ٹھیکیداری ختم کرنا شامل ہے ، اس اقدام سے عمان میں روزگار کے زیادہ مواقع میسر ہوں گے۔