واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک فوجی ہسپتال میں زیر عاج تھے۔ انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس پہنچایا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس میں علاج جاری رہے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبا کا شکار افراد باہر نکلیں لیکن احتیاط کریں۔ وائرس کو اپنے اوپر حاوی مت ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ طبعیت بہتر ہے۔ شاید مجھ میں کورونا کی اینٹی باڈیز بن گئی ہیں۔ ہمارے پاس کورونا کی دوائی ہے۔ ویکسین بھی جلد تیار کر لی جائے گی۔
گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں امریکی صدر نے انتخابی مہم میں جلد واپسی کا اعیادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، ان کی انتخابی مہم میں جلد واپسی ہوگی۔ خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس سٹاف کے مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اب تک ٹرمپ کے قریبی 12 افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے جبکہ متعدد جونیئر سٹاف اراکین بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ ایسے متعدد افراد جن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے انھوں نے 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک اجلاس میں شرکت کی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں جمعے کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ امریکا کے سرکاری معالج ڈاکٹر شان کونلی نے صدر کی طبعیت بارے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کی صحتیابی کے حوالے سے پرامید ہیں۔
ادھر اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک تقریباً 70 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر جبکہ دو لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ان کی انتخابی مہم میں خلل آیا ہے۔ واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن ٹرمپ کے مدمقابل ہیں۔