بغداد : عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع العربیہ نیوز چینل کے دفتر پر مسلح نقاب پوش افراد نے حملہ کردیا ہے جس کے نتیجے ادارے کے عملہ کے متعدد ارکان زخمی ہوگئے ہیں۔
بغداد سے العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ مسلح نقاب پوش افراد نے ہمارے دفتر پر دھاوا بولا ہے جس سے ہمارے متعدد ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔‘فوری طور پر ان حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے کہ وہ کون تھے اور ان کے مقاصد کیا تھے۔
انھوں نے بتایا ہے کہ سیاہ لباس میں ملبوس ان مسلح حملہ آوروں نے ہمارے آلات اور موبائل فونز توڑ دیئے ہیں، حالیہ دنوں میں العربیہ کے دفتر کو حملے کی متعدد دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
العربیہ نیوز چینل کے دفتر پرحملے کی خبر ایسے وقت میں منظرعام پر آئی ہے جب ہزاروں عراقی ملک بھر میں بے روزگاری ، حکام کی بدعنوانیوں اور شہری خدمات کے پست تر معیار کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔