کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی سے متعلق ایک اور مقدمے میں فرد جرم عائد کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ 12 مئی کے کیس سے متعلق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 4 مزید مقدمات کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں میئر کراچی وسیم اختر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے 12 مئی سے متعلق تھانہ ائیرپورٹ کے کیس میں وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سانحہ 12 مئی کی تحقیقات اور ذمے داران کا تعین ہوناچاہیے۔
خیال رہے کہ عدالت 12 مئی سے متعلق ایک اور مقدمے میں وسیم اختر اور دیگر پر پہلے ہی فرد جرم عائد کرچکی ہے اور کیس میں 9 مفرو ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر سانحہ کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی جاچکی ہے اور عدالت نے جے آئی ٹی کی نگرانی کے لیے نگران جج بھی مقرر کردیا ہے۔