نیویارک: دستاویزی فلم ساز و ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کی شارٹ فلم ' اے گرل ان دی ریور' پر انہیں ایمی ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ ایمی ایوارڈ کی 38ویں سالانہ تقریب کے موقع پر شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم کو بہترین دستاویزی فلم قرار دیا۔
شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم کی کہانی غیرت کے نام پر قتل کے موضوع سے متعلق ہے جب کہ اس فلم کو تین مختلف کیٹیگریز کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ بہترین ڈاکومینٹری، شاندار شارٹ فلم اور شاندار میوزک اینڈ ساؤنڈ کے لئے منتخب ہونے والی شرمین کی دستاویزی فلم کو ججز نے بہترین دستاویزی فلم قرار دیا۔
شرمین عبید چنائے اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کے ہمراہ
اے گرل ان دی ریور' کو بہترین دستاویزی فلم پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ اس سے قبل شرمین عبید چنائے دستاویزی فلم سیونگ فیس پر آسکر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔
اے گرل ان دی ریور شرمین عبید چنائے فلمز اور ہوم باکس آفس (ایچ بی او) کی مشترکہ پروڈکشن تھی جس میں ایک اٹھارہ سالہ لڑکی کی زندگی کا احوال بیان کیا گیا تھا جو عزت کے نام پر قتل کی کوشش میں بچ جاتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ہر سال عزت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔ شرمین عبید چنائے نے آسکر کے ساتھ ساتھ اپنی ایک ڈاکو مینٹری ' چلڈرن آف طالبان' کے لیے ایمی ایوارڈ بھی جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں