جھل مگسی، درگاہ خودکش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی

08:42 AM, 6 Oct, 2017

جھل مگسی: بلوچستان کےضلع جھل مگسی میں درگاہ فتح پور کے داخلی دروازے پر دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 21 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ درگاہ فتح پورشریف میں جمعرات کی شام محفل سماع جاری تھی کہ نمازمغرب سے کچھ پہلے ایک خودکش حملہ آور درگاہ میں داخل ہوا جسے بھانپتے ہی پولیس کے بہادر اہلکار بہار خان نے دبوچ لیا ۔ پولیس اہلکار کی گرفت میں پھنسے دہشت گرد نے کچھ نہ سجھائی دیا تو اُس نے خود کو مرکزی دروازے پر ہی اڑا لیا۔

گزشتہ رات ڈی آئی جی شرجیل کھرل نے درگاہ کامعائنہ کرتے سکیورٹی مزید سخت کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کوخراج تحسین پیش کیا۔ سال 2005 میں بھی درگاہ فتح پور میں عرس کے دوران دھماکا ہوا تھا جس میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں سہیون میں درگاہ لعل شہباز قلندر کے احاطے میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 70 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل نومبر 2016 میں بلوچستان کے ضلع خضدار میں درگاہ شاہ نورانی میں زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں