ممنئی :بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کو دوبارہ جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، مبینہ طور پر بیسنوئی گینگ کے ایک رکن نے واٹس ایپ کے ذریعے ممبئی ٹریفک کنٹرول روم کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا۔ پیغام میں سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا یا پھر بیسنوئی مندر کے دورے کی شرط رکھی گئی ہے۔
پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں دھمکی کا سراغ کرناٹک سے ملا ہے، تاہم وی پی این استعمال کیے جانے کی وجہ سے اصل مقام کا پتا لگانا مشکل ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں بنگلور سے 35 سالہ ایک ویلڈر کو حراست میں لے کر بیسنوئی گینگ سے تعلق کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے ہیں اور سیکیورٹی ٹیم کو کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران اداکار کو محتاط رہنے اور غیر ضروری عوامی تقریبات میں شرکت سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔