کیلیفورنیا: میٹا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صارفین کی حقیقی عمر کی تصدیق کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے انسٹاگرام پر صارف کی عمر کا درست تعین کیا جائے گا، چاہے وہ اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بول رہا ہو۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر کوئی صارف اپنی عمر غلط بیان کرتا ہے، تو اے آئی ٹول اس کی پروفائل کا تجزیہ کر کے اس کی حقیقتاً عمر کا تعین کرے گا۔ اگر صارف 18 سال سے کم عمر کا ہے تو اسے خودکار طور پر "ٹین اکاؤنٹ" میں منتقل کر دیا جائے گا، جو میٹا نے 2024 کے ستمبر میں متعارف کرائے تھے۔
ٹین اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے مخصوص ہیں، اور ان اکاؤنٹس میں کئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ نوجوانوں کی حفاظت کی جا سکے۔ اس سے پہلے، انسٹاگرام کے پاس ایسا کوئی طریقہ نہیں تھا جس سے وہ یہ جان سکے کہ کس صارف کی اصل عمر کیا ہے، اور نہ ہی کمپنی کو یہ پتا چلتا تھا کہ صارف کس عمر کے ہیں۔
میٹا کی یوتھ اینڈ سوشل امپیکٹ ڈائریکٹر، ایلسن ہارٹنیٹ نے اس نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا کہ یہ ٹول صارف کی پروفائل، اس کے فالوورز کی فہرست اور اس کے مواد دیکھنے کے انداز کا تجزیہ کرے گا۔ یہاں تک کہ صارف کے "ہیپی برتھ ڈے" کے پیغامات بھی عمر کا تعین کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
یہ نیا اے آئی ٹول 2025 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد میٹا کو اپنے صارفین کی عمر کی تصدیق کرنے میں مزید درستگی حاصل ہوگی، اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات مزید موثر بنیں گے۔