کراچی: معروف پاکستانی فلمی اداکارہ ممتاز بیگم نے اپنے مشہور گانے 'بدو بدی' کا مذاق اُڑانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے اس رویے پر انہیں بہت دکھ ہوا۔
ممتاز بیگم نے حال ہی میں اپنے بیٹے ذیشان باری کے ساتھ ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر اور دیگر ذاتی معاملات پر بات کی۔ اس دوران جب ان سے 'بدو بدی' گانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس گانے کی مقبولیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ممتاز بیگم نے کہا کہ 'بدو بدی' گانا اپنی زمانے کا سب سے مقبول گیت تھا اور اس گانے کی بدولت ہی فلم کامیاب ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گانا اس قدر مقبول تھا کہ اسے نہ صرف فلم کے آغاز، بلکہ درمیان اور اختتام پر بھی سینما گھروں میں بار بار دکھایا جاتا تھا۔
ممتاز بیگم نے گانے کا مذاق اُڑانے پر گلوکار چاہت فتح علی خان پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گلوکار اس گانے کو عزت و احترام کے ساتھ گاتے تو انہیں کوئی اعتراض نہ ہوتا، لیکن انہوں نے ان کے مقبول ترین گانے کا مذاق اُڑایا، جس سے وہ بہت دکھی ہوئیں۔
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان نے جون 2024 میں 'بدو بدی' گانے کا ایک مزاحیہ ورژن یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا، جو بہت جلد وائرل ہوگیا۔ تاہم، کاپی رائٹس کی شکایت پر یوٹیوب نے گانے کو ہٹا دیا تھا۔ یہ گانا 1973 کی فلم 'بنارسی ٹھگ' کا حصہ تھا، جسے ملکہ ترنم نورجہاں نے گایا تھا اور یہ گانا ممتاز بیگم پر فلمایا گیا تھا۔