سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی مہلت دے دی گئی

سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی مہلت دے دی گئی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو اپنے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کے لیے 21 نومبر تک کی مہلت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ 48 سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کرانے کے معاملے پر سماعت کے دوران کیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران دو رکنی بینچ کی سربراہی ممبر سندھ نثار درانی نے کی۔ اس موقع پر ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ وہ جماعتیں جو اپنے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کراتیں، ان کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی؟ جس پر الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ ایسی جماعتوں کا انتخابی نشان واپس لیا جا سکتا ہے۔

کئی سیاسی جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی درخواست کی، جسے الیکشن کمیشن نے منظور کر لیا۔ اس کے نتیجے میں کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کی گئی ۔

اس دوران سنی اتحاد کونسل، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بی این پی مینگل سمیت متعدد جماعتوں کے نمائندے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی نظریاتی، ایم ڈبلیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سمیت کچھ جماعتوں کے عہدیدار یا وکلا سماعت میں شریک نہیں ہوئے۔

مصنف کے بارے میں