اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے 5 نومبر 2024 تک مزید 26,540 افغان باشندے پاکستان سے اپنے وطن واپس چلے گئے۔ ان میں 9,005 مرد، 7,105 خواتین اور 10,430 بچے شامل ہیں۔ اس دوران افغان باشندوں کی واپسی کے لیے 710 گاڑیوں کا انتظام کیا گیا، جن کے ذریعے 760 خاندانوں کو افغانستان روانہ کیا گیا۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق 5 نومبر تک مجموعی طور پر 7 لاکھ 99 ہزار 208 افغان باشندے پاکستان سے واپس اپنے ملک جا چکے ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جن کی وجہ سے سمگلنگ اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں اضافہ ہو رہا تھا۔ تاہم، حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں سے غیر قانونی افراد کا انخلاء مسلسل جاری ہے، جو کہ ایک مثبت قدم ہے۔