بیروت: اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے جنوبی علاقے میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں 37 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کا ہدف حزب اللہ کے خلاف جنگ میں تنظیم کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے۔اسرائیلی فوج نے تازہ ترین حملوں میں جنوبی لبنان کے جیہ علاقے پر حملہ کیا، جس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی طیاروں نے مارون الراس اور بنت جبیل کے مضافات کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی، جہاں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
جنوبی لبنان کے دیہاتوں، جیسے عربسلیم، آرزون اور خرائب کو نشانہ بنایا گیا، اور لبنان کے جنوب میں واقع قصبہ شہابیہ کا ایک پورا محلہ اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو گیا۔
لبنانی وزارت داخلہ کے مطابق، ان حملوں کے نتیجے میں 37 جنوبی قصبوں میں 40,000 سے زیادہ مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ قومی خبر رساں ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج کی جارحیت اور تباہ کن فوجی کارروائیوں کے باعث پورے پورے محلے تباہ ہو گئے ہیں، جس سے لاکھوں افراد کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔