ٹیکساس : ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور وہ مسلسل دوسری بار اس عہدے پر منتخب ہوئے ہیں۔ سلمان بھوجانی ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے پہلے مسلمان رکن ہیں، اور ان کی کامیابی مسلم امریکی کمیونٹی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
اپنی کامیابی کے بعد سلمان بھوجانی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ٹیکساس اسٹیٹ کا پہلا مسلمان نمائندہ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مسلم امریکی کمیونٹی ایک اہم موڑ پر ہے اور ان کی سیاسی شمولیت اور اقتدار کے ایوانوں میں آواز کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
بھوجانی نے مسلم امریکیوں کی سیاست میں بڑھتی ہوئی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، اس لیے اس وقت مسلمانوں کی سیاسی موجودگی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔