واشنگٹن : امریکا کے صدارتی انتخابات 2024 میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ارد گرد 8 فٹ اونچی لوہے کی باڑ لگا دی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
واشنگٹن کی گلیوں میں پولیس اہلکار اور پولیس موبائلز گشت کر رہے ہیں، اور کیپیٹل ہل کی عمارت کے ارد گرد بھی حفاظتی رکاوٹیں اور باڑ لگائی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔ اس کے علاوہ، اوریگن، پنسلوینیا اور کیلیفورنیا جیسے اہم ریاستوں میں بھی سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انتخابات کے دوران ریاست جارجیا کے فلٹن کاؤنٹی کے پانچ پولنگ اسٹیشنز پر بم کی افواہیں پھیلی تھی، جس کے نتیجے میں دو پولنگ اسٹیشنز سے ووٹرز کا انخلا کیا گیا۔ اس افواہ کے باعث ووٹنگ کے عمل میں کچھ تاخیر بھی ہوئی، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پا لیا۔