لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں 2 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے عمران خان کو ڈاکٹروں نے دو ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیتے ہوئے شوکت خانم ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جس کے بعد انہیں زمان پارک میں ان کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہسپتال سے زمان پارک منتقل کرنے سے قبل تمام گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ عمران خان کی رہائش گاہ آنے والا راستہ بھی بند کر دیا گیا۔
مقامی افراد اور عام ٹریفک کیلئے رہائش گاہ کی طرف جانے اور آنے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری رہائش گاہ اور باہر سڑک پر موجود رہی۔