اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ججز کے ریسٹ ہاؤس میں سینیٹر اعظم سواتی کے قیام کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ ججز ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں قیام کے معاملے پر عدالت عظمیٰ نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کبھی بھی سپریم کورٹ ججز کے ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں نہیں ٹھہرے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ججز ریسٹ ہاؤس کے انتظام کی نگرانی رجسٹرار سپریم کورٹ کے ذمہ ہیں، یہ آرام یا قیام گاہ صرف سپریم کورٹ کے ججز کیلئے ہی مختص ہے۔
سپریم کورٹ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان سپیشل برانچ کے مطابق اعظم سواتی نے بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں قیام کیا، جو سپریم کورٹ کے زیر انتظام نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل سینیٹر اعظم سواتی نے کوئٹہ میں سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس میں قیام کرنے اور اپنی ویڈیو کے حوالے سے پریس کانفرنس کی تھی۔