واشنگٹن: امریکی دواساز کمپنی فائزر نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی دوائی تیار کرلی ۔کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دوائی ہسپتال میں داخلے کی شرح اور موت کے خدشے کو 89 فی صد تک کم کرسکتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی دواسازا دارے نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی اینٹی وائرل دوا تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اس دوا کے استعمال سے ہسپتال میں مریضوں کے داخلے کی شرح اور اموات کے خدشات میں نمایاں کمی آسکتی ہے ۔
فائزر کے ترجمان نے کہا ہے ان کی دوا استعمال کے لیے تیار ہے اور اسکے تجرباتی مراحل میں حاصل کیے گئے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگس ایسوسی ایشن کو جلد دوا کی منظوری کے لیے کہا جائے گا۔فائزر نے 775 بالغوں پر اپنی دوا کے استعمال سے متعلق ابتدائی نتائج جاری کیے ہیں۔ ان افراد کو بیماری کی علامات ظاہر ہونے کے فوراً بعد ایک اور اینٹی وائرل کے ساتھ یہ دوا دی گئی تھی۔
ایک مہینے کے بعد مرتب کیے جانے والے نتائج کے مطابق اس کے استعمال سے مرض کی علامتوں اور اسپتال جانے کی شرح میں 89 فی صد کمی ہوئی اور اس دوران کوئی مریض ہلاک نہیں ہوا۔
فائزر کے چیف سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر میکیل ڈولس ٹن نے کہا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی دوا ہے۔ اس کی افادیت تقریباً 90 فی صد ہے اور یہ موت کے خدشات کو نمایاں طورپر کم کرسکتی ہے ۔
امریکہ کا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا ادارہ اس دوا کی منظوری سے پہلے اس کا جائزہ لے رہا ہے جب کہ جمعرات کے روز برطانیہ نے اسے استعمال کے لیے منظور کر لیا ہے۔
ماہرین نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے گولیوں اور کیپسول کی شکل میں دوا کی تیاری کو اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوا سے کورونا کے علاج میں بڑی پیشرفت ہوسکتی ہے ۔