لاہور: غریب کی سواری سائیکل بھی مہنگی ہوگئی ۔چین اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی سائیکل کی قیمت میں دس ہزار روپے تک اضافہ ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے مہنگائی اور دیگر عوامل کی وجہ سے سائیکل کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گھر وں سے قریب سفر کرنے کے لئے گاڑی استعمال کرنے والے گاڑی کا استعمال پہلے ہی کم کر چکے ہیں تو موٹرسائیکل والے اب سائیکل پر آنے جانے کی منصوبہ بندی کرنے لگے ہیں ۔
مارکیٹ میں پٹرول مہنگا اور سائیکل کی مانگ بڑھنے کی وجہ سے چائنیز اور ملکی سطح پر تیار ہونے والی سائیکلوں کی قیمت میں 10 ہزار روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے ۔
ڈیلر ز کے مطابق سال رواں میں جون کے مہینے تک چائنہ کی نئی سائیکل کی قیمت 12 ہزار روپے تھی جو اس وقت 22 ہزار روپے تک جاپہنچی ہے ۔
جبکہ باہر سے آنے والے استعمال شدہ سائیکلوں کی قیمتوں میں بھی 8 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے سائیکلوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔ صارفین سائیکل کی قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ سے پریشان ہیں ۔
صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سائیکل پر سفر غریب آدمی کی پہلی ترجیح ہے لیکن مارکیٹ میں جب سائیکل لینے کے لئے گئے ہیں تو سر چکرا کر رہ گیا ہے کہ ایک عام سائیکل کی قیمت 22 ہزار تک جاپہنچی ہے حالانکہ چند ہفتے قبل تک بیس بائیس ہزار میں ایک اچھی بھلی موٹرسائیکل مل جاتی تھی ۔