ممبئی : بالی وڈ سٹار تبو 51 برس کی ہوگئیں ۔ تبو نے بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی سال گذارے کئی معاشقوں کی وجہ سے سرخیوں میں بھی رہیں لیکن شادی نہیں کی ۔
بالی وڈ کی معروف اداکارہ تبو نے زندگی کی 51 بہاریں دیکھ لیں ۔ تبو 4 نومبر 1970 میں بھارتی شہر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں ۔ ان کا اصل تبسم فاطمہ ہاشمی ہے لیکن بالی وڈ میں ان کو فلمی نام تبو سے شہرت ملی ۔ تبو نے کم عمری میں ہی تیلگو تامل اور ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔
1985 میں بھارتی سپرسٹار اور پروڈیوسر دیوآنند نے انہیں پہلی مرتبہ ہندی فلم " ہم نوجوان " میں کو سٹار کے طور پر کاسٹ کیا ۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا اور پھر انہیں تیلگو فلم " قلی نمبر ون " میں بطور ہیروئن کام کرنے کا موقع ملا اور پھر انہوں نے مڑ کر نہیں دیکھا۔
بھارتی اداکارہ تبو کے تیلگو فلموں کے ہیرو ، ڈائریکٹر ناگ ارجن سے عشق کی داستان میڈیا میں کئی بار سامنے آئی ۔ ناگ ارجن اور تبو دونوں کو کئی فلموں میں اکٹھے کام کرنے کا موقع ملا اس کے علاوہ دونوں کو ہر فلمی تقریب میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا دونوں آپس میں شادی بھی کرنا چاہتے تھے لیکن ناگ ارجن پہلے سے شادی شدہ تھے اور وہ اپنی بیوی کو نہیں چھوڑنا چاہتے تھے جبکہ تبو نہیں چاہتی تھیں کہ ناگ ارجن کا گھر خراب ہو اور اس وجہ سے تبو نے ناگ ارجن کی محبت میں شادی ہی نہیں کی لیکن دونوں کی دوستی 15 سال سے چلی آرہی ہے ۔
اداکارہ تبو فلمی مصروفیات کی وجہ سے ممبئی میں ہی مقیم تھیں لیکن انہوں نے حیدرآباد میں ایک گھر خریدا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے صرف ناگ ارجن سے ملاقات کے لئے یہ گھر خریدا تھا ۔ اس گھر میں آج بھی چند ملازمین کے سوا کوئی نہیں رہتا لیکن جب تبو حیدرآباد آتی ہیں تو وہ اسی گھر میں قیام کرتی ہیں ۔ تبو اور ناگ ارجن کا سال 2012 میں بریک اپ ہوگیا تھا ۔
اداکار ناگ ارجن کی بیوی ارملا تبو اور اپنے شوہر کو فلمی ساتھی قرار دیتی ہیں ان کا کہنا ہے کہ دونوں اچھے دوست ہیں اور میں ان کی دوستی کی قدر کرتی ہوں ۔
اداکارہ تبو سے جب بھی شادی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا لیکن ان کا یہ ضرور کہنا تھا کہ وہ اپنی قسمت اور زندگی سے مطمئن ہیں ۔ ناگ ارجن اپنی لائف جی رہے ہیں لیکن وہ بھی تبو کو ہمیشہ سے اپنا بہترین دوست قرار دیتے ہیں ۔
بھارتی اداکار اجے دیوگن کے ساتھ چند فلمیں ہٹ ہونے کی وجہ سے تبو کا نام اجے دیوگن کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا لیکن تبو نے اس بارے میں کبھی زبان نہیں کھولی ۔
ماچس، ساجن چلے سسرال ، بیوی نمبر ون ، وراثت ، استیتوا ، ہم ساتھ ساتھ ہیں ، ہو تو تو ، چاندنی بار، چینی کم ، جے ہو ، گول مال ، حیدر جیسی فلمیں ان کے کریڈٹ پر ہیں جنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیاب بزنس کیا اور ان فلموں میں اداکاری کی وجہ سے تبو کو کئی مرتبہ اعزازت اور ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔