جوبائیڈن آج شام امریکی عوام سے خطاب کریں گے

11:46 PM, 6 Nov, 2020

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب کے حوالے سے آنے والے نتائج کے مطابق جوبائیڈن کو ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہو چکی ہے اور ممکنہ طور پر جوبائیڈن کی سیکیورٹی کیلئے امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن روانہ کر دیے ہیں۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن حتمی نتائج آنے کے بعد امریکی وقت کے مطابق آج شام عوام سے خطاب کریں گے لیکن ان کی تقریر کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوا کہ وہ اس تقریر میں کیا کہیں گے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پلان جوبائیڈن کی طرف سے ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ 

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ابھی صرف پانچ ریاستوں ایریزونا، جارجیا، پنسلوانیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

پانچ میں سے چار ریاستوں میں جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے جبکہ صرف الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بائیڈن پر کافی زیادہ برتری حاصل ہے لیکن اس ریاست کے الیکٹورل ووٹس صرف تیں ہیں اس سے جوبائیڈن کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیواڈا کے 6 ووٹ بائیڈن کو صدر بنا سکتے ہیں جہاں ڈیموکریٹک امیدوار نے 49.4 فیصد ووٹ لیے ہیں۔

پنسلوانیا میں ٹرمپ کو شکست ہو گئی تو پھر وہ عہدہ صدارت کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے کیوںکہ ان کیلئے 270 الیکٹورل ووٹس تک پہنچنا ناممکن ہو گا۔ 

اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ آگے ہیں جبکہ ٹرمپ کو 214 الیکٹورل ووٹس مل چکے ہیں۔ 

واضح رہے کہ امریکہ میں نئے صدر کے انتخابات کیلئے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل مسلسل سست روی کا شکار ہے۔ جارجیا، الاسکا، نارتھ کیرولینا پنسلوانیا، اور نواڈا سے حتمی نتائج آنا باقی ہیں اور اب تک کے نتائج میں جوبائیڈن کا پلڑا بھاری ہے۔

مزیدخبریں