جوبائیڈن امریکی صدر بننے کے قریب، سیکیورٹی انتظامات شروع ہو گئے

08:18 PM, 6 Nov, 2020

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب میں ممکنہ طور پر کامیابی کے پیش نظر جوبائیڈن کی سیکیورٹی کیلئے امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن روانہ کر دیے ہیں۔ 

خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدر کے برابر کر دی جاتی ہے ۔جوبائیڈن کیلئے اضافی فضائی سیکیورٹی اقدامات بھی لاگو کر دیے گئے ہیں۔ 

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر کی حفاظت کے لیے ان کے اطراف ہمیشہ سیکرٹ سروس کے لوگ موجود ہوتے ہیں اور یہ تحفظ صرف صدارت تک محدود نہیں رہتا بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی امریکی صدر رہنے والے شخص کو اور اس کے اہلخانہ کو ایک خاص مدت تک یہ سروس حاصل دی جاتی ہے۔ 

امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ابھی صرف پانچ ریاستوں ایریزونا، جارجیا، پنسلوانیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ان پانچ میں سے چار ریاستوں میں جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے جبکہ صرف الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بائیڈن پر کافی زیادہ برتری حاصل ہے تاہم اس ریاست کے الیکٹورل ووٹس صرف 3 ہیں لہٰذا اس سے جوبائیڈن کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

اگر پنسلوانیا میں ٹرمپ کو شکست ہو گئی تو پھر وہ عہدہ صدارت کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے کیوں کہ ان کیلئے 270 الیکٹورل ووٹس تک پہنچنا ناممکن ہو گا۔ 

اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ آگے ہیں جبکہ ٹرمپ کو 214 الیکٹورل ووٹس حاصل ہوئے ہیں۔

جوبائیڈن اگرچہ اپنی فتح کے لیے بہت ہی زیادہ پرامید ہیں لیکن انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ جب تک انتخابات کے مکمل نتائج نہیں آ جاتے تب تک وہ اپنی فتح کا اعلان بھی نہیں کریں گے۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ نے مختلف ریاستوں میں انتخابی عمل پر سنگین سوالات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔ 

مزیدخبریں