گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے، بلاول بھٹو

06:27 PM, 6 Nov, 2020

چلاس: پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلوائیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا تین نسلوں سے رشتہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں پورے گلگت کا دورہ کر رہا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو روزگار دلوایا اور بھٹو دور میں روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے اور قومی ادارے کھڑے کیے۔ پی پی پی کے بانی نے لوگوں کے لیے مفت پاسپورٹ بنوائے تاکہ بیرون ملک روزگار حاصل کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے جی بی کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے اور ہر گاؤں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا تحفہ دیا جبکہ آصف زرداری دور میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے گئے اور سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا۔ آصف زرداری کے دور میں تنخواہوں میں 150 فی صد اضافہ کیا گیا اور سرحدوں کے محافظوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی دور میں پینشن میں بھی 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ 15 نومبر کے بعد گلگت بلتستان میں ان کی ہی جماعت کی حکومت بننے والی ہے اور جنوری کے بعد آپ لوگوں کی حکومت وفاق میں بھی بنے گی۔ کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنا حق نہیں مانگ سکتا تو وہ آپ کو کیسے حقوق دلائے گا، صرف امیروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے اور کسان سمیت ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ابھی صوبے کا درجہ دیا ہی نہیں اور گلگت بلتستان پر مزید ٹیکس لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ آپ سے سبسڈی چھین لے جبکہ کبھی بھی یوٹرن نہیں لوں گا اور جو وعدہ کیا وہ نبھاؤں گا۔

مزیدخبریں