لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے روزگار میں اضافہ اورغربت میں کمی آئے گی۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل کو روشن بنائے گی۔
یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کیساتھ ملاقات کے دوران کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں”کامیاب جوان پروگرام“ اور ٹائیگرز فورس کے امور پر بات چیت اور باہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اداروں کے خلاف بیان بازی کی مذمت بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق دور میں حکمرانو ں نے نوجوانوں کو نظرانداز کیا تاہم ہم نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے۔ ماضی میں کسی حکومت نے نوجوانوں پر اتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی جتنی تحریک انصاف کے مختصر دور میں ہوئی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام سے روزگار میں اضافہ اورغربت میں کمی آئے گی۔ ٹائیگرز فورس کے نوجوان عوام کی خدمت کیلئے میدان عمل میں مصروف ہیں اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا شر انگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا جبکہ ملکی وقار کے منافی رویے کی وجہ سے اپوزیشن اتحاد کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی یہ عناصر ناکام رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔ یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہیں۔ اپوزیشن جو مرضی کر لے، لوٹ مار کا حساب دینا ہی پڑے گا۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے چوروں اور لٹیروں کا احتساب ضروری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ٹائیگرز فورس ہر میدان میں عوام کی خدمت کے لئے آگے آگے ہے۔ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد بہت جلد منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان جیسا شفاف اور ایماندار لیڈر پاکستان کی بقا کے لئے ناگزیر ہے۔