راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی کے عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عبدالرشید جونیئر کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گیا۔
آرمی چیف نے پاکستانی لیجنڈ کے انتقال پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ مرحوم عبدالرشید کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔
خیال رہے کہ پاکستانی لیجنڈ عبدالرشید جونیئر کا شمار دنیائے ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے پاکستان کیلئے کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ مرحوم گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کا انتقال گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہوا تھا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انھیں بنوں میں سپرد خاک کیا گیا۔