لاہور: کورونا وائرس میں اموات کے حالیہ اضافے سے ملک بھر میں اس موذی مرض کے ہاتھوں جان گنوانے والوں کی تعداد 6 ہزار 923 ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1376 کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 16 ہزار 242 ہے جبکہ 3 لاکھ 40 ہزار 251 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ 3 لاکھ 17 ہزار 86 چھیاسی مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 1 لاکھ 48 ہزار 343، پنجاب 1 لاکھ 5 ہزار 856، خیبر پختونخوا میں 40148، اسلام آباد میں 20967، گلگت بلتستان میں 4332، بلوچستان میں 16033 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 4572 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
صوبہ سندھ میں کورونا کے 2664، پنجاب 2390، خیبر پختونخوا 1287، اسلام آباد 231، بلوچستان 152، گلگت بلتستان 92 اور
آزاد کشمیر میں تاحال کورونا وائرس سے 107 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 35745 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک بھر میں 130 مریض وینٹیلٹر پر جبکہ ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 995 مریض زیرعلاج ہیں۔ ملک بھر میں تاحال 46 لاکھ 9 ہزار 513 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے زور پکڑنا شروع کر دیا ہے۔ روز نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اس موذی مرض سے چھٹکارے کیلئے مکمل احتیاط برتیں اور حکومت کی جانب سے نافذ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔