امریکا کی پیرس معاہدے سے دستبرداری، اقوام متحدہ کا اظہار افسوس

US withdraws from Paris Agreement, UN expresses regret
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: اقوام متحدہ نے پیرس معاہدے سے امریکا کی دستبرداری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دیگر تمام اراکین کیساتھ کام کرنے کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چینلج سے نمٹنے کیلئے ایک معاہدہ طے پایا تھا جسے ''پیرس معاہدہ'' کہا جاتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین سال قبل اس سے نکلنے کا اعلان کر دیا تھا۔ چند دن قبل ہی امریکا اس معاہدے سے باضابطہ طور پر نکل چکا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کا موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم اس بات کے پابند ہیں کہ پیرس معاہدے پر عملدرآمد کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔ تمام شراکت داروں کیساتھ مل کر ماحولیاتی عمل میں تیزی لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ آئندہ سال برطانیہ میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس کا منتظر ہے۔ یو این ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی دستبرداری کے باوجود اقوام متحدہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے کے پیش نظر دیگر فریقین کیساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہمیں ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے کہ کس طرح گلوبل وارمنگ کے بڑھتے خطرات کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ہمیں سرسبز دنیا کے حصول کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دینی چاہیں۔

خیال رہے کہ پیرس معاہدے کے رکن ممالک نے اس بات پر عہد کیا ہوا ہے کہ درجہ حرارت کو دو ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے رکھنے اور گلوبل وارمنگ کو ایک اعشاریہ پانچ تک محدود رکھنے پر کام کیا جائے گا۔