لندن: برطانوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں عظیم کھلاڑی بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ ان کا شمار موجودہ کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
ناصر حسین نے ایک انٹرویو میں بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بلے بازی میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کھلاڑی نے رنزوں کے حصول کیلئے کون سا طریقہ استعمال کیا۔ پاکستانی کپتان کو اپنی تکنیکی صلاحیتیں مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر سٹمپ کے باہر گرنے والی گیندوں کو کھیلنے کیلئے انھیں کام کرنا ہوگا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے انڈین کپتان ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انھیں بھی دورہ انگلینڈ کے موقع پر سٹمپ سے باہر گرنے والی گیندوں کو درست طریقے سے کھیلنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے ٹاپ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، کچھ عرصہ سے وہ بہترین فارم میں ہیں لیکن انھیں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، انھیں وکٹ پر ٹھہرنے کیلئے اپنی تکنیک پر کام کرنا ہوگا۔ وہ اس معاملے میں ویرات کوہلی کی مستقل مزاجی کو اپنے سامنے رکھ سکتے ہیں۔
سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم دنیا کے بہترین بلے باز بننا چاہتے ہیں تو انھیں ہر طرح کی کنڈیشنز میں کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ برطانیہ میں کسی بھی بیٹسمین کیلئے کھیلنا اتنا آسان نہیں ہوتا لیکن پاکستانی کپتان نے یہاں اچھی کارکردگی دکھائی، ان کی بیٹنگ دیکھ کر لطف آتا ہے۔