اسلام آباد:پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ماحولیات پر توجہ نہیں دی لیکن ہم نے آنے والی نسلوں کااحساس کرکے فیصلے کرنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ساتویں ایشین ریجنل کنزرویشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال ہے، یہاں گھنے جنگلات، طویل صحرا اور بلند پہاڑی سلسلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہروں میں رہنے والے زیادہ تر لوگ قدرتی خوبصورتی کونہیں دیکھ پاتے لیکن میں خوش قسمت پاکستانی ہوں ملک کا ہر علاقہ گھوم چکا ہوں۔وزیراعظم نے کہا ماضی میں ٹمبر مافیا کو حکومت کی سرپرستی حاصل رہی اور پہلی بار کسی حکومت نے ماحولیاتی تحفظ پر اقدام اٹھایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر پھیلنے کی وجہ سے ماحول متاثر ہورہا ہے لیکن ہمیں جلد ہی ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا احساس ہوگیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کا تحفظ دینی فریضہ ہے اس لیے ماحولیاتی تبدیلی کا مضمون نصاب میں شامل کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق تشویش رکھنے والے عظیم لوگ ہیں۔