سونارا: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں مبینہ طور پر ڈرگ مافیا کے حملے میں 9 امریکی شہری ہلاک ہو گئے جن میں 6 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کی ریاست سونارا میں پیش آیا جہاں امریکا سے تعلق رکھنے والا خاندان گاڑیوں کے قافلے میں سفر کر رہا تھا۔
حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ انہیں ڈرگ مافیا نے غلطی سے کسی اور کے شبے میں نشانہ بنایا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مرنے والے 2 بچوں کی عمریں ایک سال سے بھی کم تھیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ خاندان امریکی شہریت رکھتا ہے تاہم گذشتہ کئی دہائیوں سے میکسیکو میں مقیم ہے۔
واضح رہے کہ میکسیکو کی ریاست سونارا گذشتہ کئی عرصے سے منشیات فروش گروہوں اور ڈرگ مافیا کے درمیان میدان جنگ بنا ہوا ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک بہت ہی پیارا خاندان ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے والے دو شیطانی منشیات فروش گروہ کے درمیان پھنس گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ واقعے میں بچوں ٓاور خواتین سمیت متعدد امریکی شہری مارے گئے ہیں جب کہ کچھ لاپتہ بھی ہیں۔ میکسیکو کو اگر ان مافیاز کے خاتمے لیے مدد درکار ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔