اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں سعودی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کے مختلف شعبوں میں مواقع موجود ہیں۔
ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان میں مقیم سعودی سفیر ایڈمرل (ر) نواف بن سعید المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود کا تبادلہ انتہائی اہم ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ سعودی سفیر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ میں مسلح افواج کا کردارقابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں سے پائیدار امن قائم ہوااور معیشت مستحکم ہوئی۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے حالیہ دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ ہوا ۔پاکستان میں امن و استحکام کی تعریف کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرنے حکومت کے اقدامات قابل قدر ہیں۔