نوابشاہ: پیپلزپارٹی نے اپنے وسائل سے ملک چلایا کشکول نہیں اٹھایا جبکہ ہمارےملک کا وزیر اعظم کشکول لے کر دنیا میں گھوم رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوابشاہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کرنے کا راستہ تلاش کیا جا رہا ہے، اگر گرفتار کیا گیا تو میں پہلے سے زیادہ مشہور ہو جاؤں گا، میرا سرکار کے ساتھ جھگڑا چلتا رہتا ہے تاہم میری گرفتاری کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ڈیل کرکے آئے اور موجودہ وزیراعظم بھی ڈیل کے تحت آئے ہیں، ڈیل کرنے والوں کو ڈیل کرنی آتی ہے لیکن ملک چلانا نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا وزیراعظم کشکول لے کر دنیا میں گھوم رہا ہے، ہم نے اپنے وسائل سے ملک چلایا اور کشکول نہیں اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ چین سے مقامی کرنسی میں تجارت کا معاہدہ اب ہوا ہے ہماری حکومت پہلے ہی 6 ممالک سے اس طرح کا معاہدہ کرچکی تھی۔