پاکستان کے زیادہ تر بینکوں کا ڈیٹا ہیک کرلیا گیا، ایف آئی اے

02:14 PM, 6 Nov, 2018

اسلام آباد: ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کیپٹن ریٹائرڈ محمد شعیب کہتے ہیں کہ پاکستان کے زیادہ تر بینکوں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ہمیں بینکوں نے اس بارے میں رپورٹ نہیں کیا اور ہم خود تجزیہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کرائم ڈیٹا دیکھا ہے جس سے پتہ چلا کہ پاکستان کے بڑے بینکوں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے۔ اب تک ہمارے پاس 100 سے زائد مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ کئی گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ بھیس بدل کر عوام کو بے وقوف بنانے والے ایک گروہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایک بینک کی ویب سائیٹ ہیک ہوئی تھی جس کا ڈیٹا بیرون ملک سے ہیک کیا گیا۔

یاد رہے کہ 28 اکتوبر کو پاکستان کے ایک بینک کے آن لائن نظام پر سائبر حملہ ہوا، ہیکرز بینک کے سیکیورٹی سسٹم میں گھسے اور کچھ ٹرانزیکشنز بھی کیں لیکن اس وقت تک بینک کا عملہ چوکنا ہوچکا تھا، عملے نے پہلے اپنا سسٹم عالمی نظام سے ڈی لنک کیا اور بعد میں ان ٹرانزیکشنز کو ریورس کیا جو سائبر چور کرگئے تھے۔
 

مزیدخبریں