لاہور: وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے دبئی میں پراپرٹی کے معاملے پر ایف آئی اے لاہور کو جواب جمع کرا دیا۔وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے ایف آئی اے کو دیئے گئے تحریری جواب میں اپنی دبئی کی پراپرٹی خریدنے کے ذرائع بتائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خانم نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ انہوں نے دبئی کی پراپرٹی ’بیرون ملک بزنس ڈیلنگ‘ سے خریدی تھی تاہم انہوں نے جواب میں اس بزنس ڈیلنگ کی وضاحت نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خانم نے اپنے جواب میں بتایا کہ انہوں نے پراپرٹی نمبر 1406 دبئی کے پوش علاقے لوفٹ اسٹ ڈاؤن ٹاؤن میں خریدی تھی اور دبئی میں اپنے نام خریدی جائیداد فروخت کر دی ہے جب کہ ایف بی آر کو بھی اپنی دبئی کی پراپرٹی کی خرید و فروخت کی تفصیلات بتائی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 27 اکتوبر کو سیاسی تعلقات رکھنے والے 44 ایسے افراد کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جن کی متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں ہیں۔
ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں پیش کردہ فہرست میں علیمہ خانم کی بے نامی پراپرٹی کا ذکر تھا اور ایف آئی نے سپریم کورٹ کو بتایاتھا کہ علیمہ خانم کو نوٹس بھیجا گیا ہے جس پر انہوں نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا تھا۔