دھوکہ دہی اور جھوٹ بولنا عمران نیازی کی فطرت رہی ہے، سعید غنی

09:26 PM, 6 Nov, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ دھوکہ دہی اور جھوٹ بولنا عمران نیازی کی فطرت رہی ہے ، کوئی کیسے بھول سکتا ہے کہ پیسے کی لالچ میں عمران نیازی نے پی سی بی سے ٹانگ کے درد کا بہانہ بنا کر ملک سے بھاگ گئے اور پھر کیری پیکر کے ہاتھوں بکتے رہے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ کرکٹ میں جوأ اور بال ٹمپرنگ عمران نیازی کی شناخت رہی جس کی وجہ سے دنیا کے کسی کرکٹ بورڈ نے اسے کوچ بننے کی آفر تک نہیں کی۔ سعید غنی نے کہا کہ آمر جنرل ضیاء انہیں دوبارہ پی سی بی میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل حمید گل سے مل کر انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کے خلاف سازشیں کیں۔ ان سازشوں میں وہ نواز شریف سے مراعات حاصل کرتے رہے۔

سعید غنی نے کہا کہ یہ وہی عمران نیازی ہے جو جنرل مشرف کے ہاتھوں بکے اور پیسہ لے کر ان کے ریفرنڈم کے چیف ایجنٹ بنے۔ صرف یہی نہیں 1973ء کے آئین میں ایل ایف او نتھی کرنے والے بھی یہی جعلی کپتان تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی نے آمر مشرف کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے 2008ء کے انتخابات میں بائیکاٹ کا ڈرامہ رچایا اور عوام کو گمراہ کرتے رہے کہ وہ انتخا بات میں حصہ نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت دشمن دھرنا بھی عمران نیازی کے عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپٹ اور بدکردار عناصر کا ٹائی ٹینک بن چکا ہے جو آئندہ انتخابات میں ڈوب جائے گا۔

مزیدخبریں