پنجاب بھر میں دھند اور سموگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ٗ 10جاں بحق

09:22 PM, 6 Nov, 2017

لاہور:پنجاب بھر میں شدید دھند اورسموگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ، ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ سموگ کے مضراثرات کے باعث سینکڑوں افراد سانس کی بیماری کا شکار ہوگئے ، متعدد ایئرپورٹس پر اندرون ملک و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار ، ٹرینوں ،ٹریفک اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ،موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، رحیم یار خان میں دھندکے باعث گڈوتھرمل پاورسٹیشن کے4پلانٹ ٹرپ کرگئے، ملک کے بیشتر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ12سے14گھنٹے تک جا پہنچی ۔


تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حافظ آبادمیں سکھیکی کے قریب ٹرک الٹنے اور کارنالے میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ،ریسکیوحکام کے مطابق حادثہ دھنداور سموگ کی وجہ سے پیش آیاجبکہ سکھیکی میں لاہورروڈپرڈمپررکشے سے ٹکراگیاجس کے نتیجے میںایک شخص جاں بحق ہو گیا۔


جہانیاں میں اڈہ166ڈبلیوبی کے قریب دھندکی وجہ سے 2 موٹرسائیکلیں ٹکراگئیں جس سے 2 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ،چیچہ وطنی میں چھ والاپھاٹک کے قریب ٹرک کی گاڑی کوٹکرسے 3،اوچ شریف میں قومی شاہراہ پردھندکے باعث موٹرسائیکل اور رکشے میں ٹکر سے 3 جبکہ شرقپورمیں دھند کے باعث بس کی 2موٹرسائیکلوں کوٹکرسے 3افرادزخمی ہو گئے۔میانوالی میں شدید دھند کے باعث کالاباغ روڈ پراسکول وین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں متعدد طالبات زخمی ہوگئیں۔

مزیدخبریں