راج ٹھاکرے کی نانا پاٹیکر کو دھمکی

02:02 PM, 6 Nov, 2017

ممبئی: انتہا پسند ہندو تنظیم مہاراشٹرا نونرمن سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے پتھارے داروں کی حمایت کرنے پر بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر کو منہ بند رکھنے کی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر کو اُس معاملے پر نہیں بولنا چاہیے جس کا انہیں علم نہیں۔ نانا پاٹیکر اُس وقت خاموش تھے جب مراٹھی فلمیں ممبئی میں نہیں دکھائی جا رہی تھیں۔ یہ ایم این ایس ہی تھی جس نے مداخلت کی اور ملٹی پلیکس اور تھیٹر مالکان کو مجبور کیا کہ وہ مقامی فلموں کی بھی نمائش کریں۔

راج ٹھاکرے نے مزید کہا کہ وہ پتھارے داروں کے حوالے سے بمبئے ہائی کورٹ کے احکامات کی کاپی اپنے خط کی ایک کاپی کے ساتھ تمام پولیس اسٹیشنز، میونسپل کارپوریشن کے وارڈ آفسز اور اسٹیشن ماسٹرز کو بھیجیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی پتھارے دار ان کی حدود میں نظر آیا تو وہ متعلقہ افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دیں گے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں بمبئے ہائی کورٹ نے ایک درخواست پر سماعت کے دوران پلوں اور ریلوے اسٹیشنز کے اطراف پتھارے لگانے پر پابندی لگائی تھی۔ اس حوالے سے ویرماتا جیجا بائی ٹیکنالوجیکل انسٹی ٹیوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکار نانا پاٹیکر نے کہا تھا کہ پتھارے داروں کی کوئی غلطی نہیں وہ بس اپنا پیٹ پالنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

نانا پاٹیکر نے کہا کہ ہمیں ان سے ان کا ذریعہ معاش چھیننے کا کوئی حق نہیں ہے یہ ہماری غلطی ہے۔ ہم نے میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ سے سوال کیوں نہیں کیا کہ ان پتھارے داروں کو جگہ فراہم کی جائے اس کے ذمہ دار ہم ہیں اور پتھارے دار نہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں