بھارت کو پھر جنونیت کا دورہ،کنٹرول لائن پر وقفے وقفے سے گولہ باری

چار روز کے وقفے کے بعد بھارت کو پھر جنونیت کا دورہ پڑ گیا، کنٹرول لائن پر بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری کرکے شہری آبادی کو نشانہ بناڈالا،پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔

06:00 PM, 6 Nov, 2016

راولا کوٹ: چار روز کے وقفے کے بعد بھارت کو پھر جنونیت کا دورہ پڑ گیا، کنٹرول لائن پر بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری کرکے شہری آبادی کو نشانہ بناڈالا،پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولاکوٹ آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک گھر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ زخمی ہونے والے قدیر عظیم نامی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بھارت نے مدار پور، سحرککوٹہ، جھاوڑہ اور مڈہول کے دییہات کو نشانہ بنایا۔بھارتی جارحیت کے باعث کنٹرول لائن کے ساتھ واقع دیہات کے باسی شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارت کی جانب سے جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہیں ،سرحد پار سے مارٹر گولے بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔ اب تک کئی شہری جنگی جنون کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مزیدخبریں